Thursday, April 18, 2024

نارووال میں امدادی پیکیج کی فراہمی کیلئے مزدور آپس میں جھگڑ پڑے

نارووال میں امدادی پیکیج کی فراہمی کیلئے مزدور آپس میں جھگڑ پڑے
April 2, 2020
نارووال (92 نیوز) نارووال میں امدادی پیکیج کی فراہمی کیلئے مزدور آپس میں جھگڑ پڑے جبکہ پاکپتن میں حکومت کی جانب سے امداد کا اعلان کرنے پر انصاف امداد پروگرام کے نام پرشہریوں کو لوٹا جانے لگا۔ لاک ڈاؤن کے باعث پنجاب بھر میں سرگرمیاں معطل ہونے سے مزدوروں کو جان کے لالے پڑ گئے، دفعہ ایک سو چوالیس اور لاک ڈاؤن کی پرواہ کئے بغیر مزدور کھانا لینے کے لئے جمع ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں کورونا وائرس سے بے خوف ہو کر بھوک مٹانے کے لئے سڑکوں پر نکل آئے، مزدوروں کا کہنا ہےبھوک کے مارے کدھر جائیں،وائرس کا خدشہ کم بھوک سے مرنے کا زیادہ ہے۔ دوسری جانب پاکپتن میں نوسر باز شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے، انصاف امداد پروگرام کا فارم سادہ لوح شہریوں کو ایک سو روپے میں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچ نوسر بازوں کو گرفتار کر لیا۔ نارووال میں غربت اور مفلسی کے ستائے شہری امدادی پیکیج کے لئے دست و گریباں ہو گئے، مزدوروں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں اور لاتوں کا آزادانہ استعمال کیا، لڑائی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مخیر حضرات کی جانب سے راشن تقسیم کیا جا رہا تھا۔