Friday, April 26, 2024

نارووال اسپورٹس سٹی کیس ، نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم

نارووال اسپورٹس سٹی کیس ، نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم
February 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ رہائی کے بعد لیگی رہنما احسن اقبال کی ناروال اسپورٹس سٹی اسکینڈل کیس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیشی ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کیس میں پیشرفت رپورٹ اور ایف آئی اے کی جانب سے حاصل کردہ ریکارڈ جمع کرایا۔ جج نے کیس میں ملزم کی حاضری لگانے کی ہدایت کی تو وکیل صفائی نے اعتراض عائد کر دیا اور موقف اپنایا جب تک ریفرنس نہ آ جائے تب تک احسن اقبال کی حاضری نہیں لگ سکتی۔ دوران سماعت لیگی رہنما روسٹرم پر آگئے اور الزام عائد کیا کہ ناروال سپورٹس سٹی پر وزیراعظم کی ہدایت پر کام روکا گیا۔ ریفرنس انکے خلاف دائر کیا جائے جنہوں نے منصوبے کو اجاڑا۔ مجھے اچھے کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ ہماری حاضریاں لگوائی جا رہی ہے اور مافیا آزاد پھر رہا ہے۔ اس پر جج نے احسن اقبال کو روکتے ہوئے ہدایت کی کہ آپ نے جو کچھ کہنا ہے تحریری طور پر وکیل کے ذریعے کہیں۔ عدالت نے نیب کو 1 ماہ کے اندر احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ پیشی کے بعد احسن اقبال نے حکومت پر انتقامی کارروائی کا الزام عائد کر دیا۔ ناروال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 26 مارچ کو دوبارہ ہو گی۔