Saturday, April 20, 2024

نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کب تک دائر کرنا ہے ، احتساب عدالت کا نیب سے استفسار

نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کب تک دائر کرنا ہے ، احتساب عدالت کا نیب سے استفسار
August 26, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کب تک دائر کرنا ہے؟،احتساب عدالت نے نیب سے سوال پوچھ لیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے نیب سے  استفسار کیا کہ نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کب تک دائر کرنا ہے۔عدالت نے ریفرنس دائرہونے تک ملزمان کومرضی سے سماعت کے دوران پیش ہونے کی اجازت دے دی  ۔

نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کی  احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی ، مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پیش ہوئے ۔ دوران سماعت احسن اقبال کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ان کے موکل کونیب نے گرفتارکیا لیکن ریفرنس دائرنہیں کیا جاسکا ، عدالتی آرڈر کے باوجود چیئرمین نیب ریفرنس نہ دائرکرنے پر وضاحت نہ کر سکے ،تلوار لٹکی ہوئی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ  نیب بتائے ریفرنس کب تک دائر کیا جائے گا، نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ ریفرنس کا ڈرافٹ منظوری کیلئے ہیڈ کوارٹرز کو بھجوا دیا گیا ہے ، جیسے ہی منظور ہوگا عدالت کو آگاہ کرینگے ،عدالت نے سماعت 22ستمبر تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال حکومت پرخوب گرجے برسے، کہا این آر اونہیں مانگ رہے ، کرپشن کی سب سے بڑی پروٹیکیشن عمران نیازی کی حکومت کی رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیٹف کے نام پرفیسٹ ریاست نہیں بننے دیں گے۔نیب کو جھوٹ گھڑنے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کا جرم وہ بار بار کریں گے۔