Thursday, April 25, 2024

ناران کاغان میں پھنسے سیکڑوں سیاح امداد کے منتظر‘ آج بھی برف باری کا امکان

ناران کاغان میں پھنسے سیکڑوں سیاح امداد کے منتظر‘ آج بھی برف باری کا امکان
October 26, 2015
ناران کاغان (92نیوز) شمالی علاقہ جات میں برف باری کے باعث ناران کاغان میں سیکڑوں سیاح پھنس گئے۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق 92نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ناران کاغان میں پھنسے سیاحوں کا کہنا ہے کہ ناران میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ چار سو سے پانچ سو گاڑیاں برف میں پھنسی ہوئی ہیں۔ انتظامیہ ابھی تک غائب ہے۔ برف ہٹانے کے لئے پہنچنے والی مشینری میں ایندھن بھی ختم ہو گیا۔ معاون خصوصی برائے سیاحت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امجد آفریدی نے 92نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ڈی پی او مانسہرہ اور اے سی بالا کوٹ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر موجود ہیں‘ برف سے راستہ بھی بنا لیا گیا ہے جبکہ خوارک کی قلت کا سامنا بھی نہیں ہے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آج رات تک ناران کاغان کے ساتھ ساتھ مری اور گلیات میں شدید برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اگر ناران میں پھنسے ان سیاحوں کو نہ نکالا گیا تو ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ کاغان ناران میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ان علاقوں میں تین سے چار فٹ برف باری ہو چکی ہے جبکہ برف باری کے نتیجے میں سٹرکیں بند ہو چکی ہیں جس سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بھی بارش کے ساتھ ساتھ برف باری کا امکان ہے۔