Tuesday, April 23, 2024

نادرا نے شناختی کارڈز پر جنس خواجہ سرا لکھ دی، مرد شکایت لیکر اسلامی نظریاتی کونسل پہنچ گئے

نادرا نے شناختی کارڈز پر جنس خواجہ سرا لکھ دی، مرد شکایت لیکر اسلامی نظریاتی کونسل پہنچ گئے
October 17, 2015
اسلام آباد (92نیوز) شناختی کارڈز پر نادرا کی جانب سے غلطیوں کی شکایت اسلامی نظریاتی کونسل کو کر دی گئی ہے۔ نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ پر لوگوں کی جنس خواجہ سرا لکھی جاتی ہے اور درستگی کیلئے میڈیکل سرٹیفکیٹ لانے کا کہا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نادرا کی عجیب حرکتوں پرنادرا کی شکایت اسلامی نظریاتی کونسل کو کر دی گئی ہے۔ شکایت کرنے والوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کو بتایا ہے کہ نادرا شناختی کارڈ پر لوگوں کی جنس خواجہ سرا لکھ دیتی ہے اور پھر کہا جاتا ہے کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ لائیں اور ایسا مطالبہ ایک بیوروکریٹ سمیت کئی لوگوں سے کیا گیاہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل اپنے اجلاس میں اس رپورٹ کا جائزہ لے گی کہ جب کئی لوگوں کے قومی شناختی کارڈ بن کرنادرا سے آئے تو اس میں جنس کے خانے میں خواجہ سر لکھا ہوا تھا۔ اس غلطی کی شکایت جب نادرا سے کی گئی تونادرا نے غلطی ماننے کی بجائے شناختی کارڈ بنوانے والوں کو کہا کہ آپ میڈیکل سرٹیفیکٹ لائیں کہ آپ مرد ہیں یا عورت یا پھر خواجہ سرا۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے پیر کے روز سے دو روزہ اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے اجلاس میں ماہر ڈاکٹروں کو بھی طلب کیا ہے جو اس معاملے کا جائزہ لیں گے کہ کئی ایسے خواجہ سرا ہیں جو نادرا کے ریکارڈ میں مردہیں، ان کے بچے بھی ہیں لیکن ان کا اصرار ہوتا ہے کہ انہیں عورت لکھا جائے۔ اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل اسلامی قوانین کا بھی جائزہ لے گی۔