Thursday, April 25, 2024

نادان اپوزیشن قومی سلامتی داؤ پر لگارہی ہے ، فردوس عاشق اعوان

نادان اپوزیشن قومی سلامتی داؤ پر لگارہی ہے ، فردوس عاشق اعوان
June 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم کی مشیر خصوصی برائے اطلاعات فردو س عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نادان اپوزیشن قومی سلامتی داؤ پر لگارہی ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  امن وامان خراب کرنے والے شرپسندوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ  رانا ثنااللہ باجی کے رشتے کے تقدس سے واقف نہیں ہیں ،نوٹس بھجوا دیا ہے، رانا ثنااللہ کی بیماری میں 15دن میں افاقہ نہ ہوا تو آخری آپشن آپریشن ہوگا،توقع ہے  ایک پڑی سے آرام آجائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ مالی بجٹ  عوام دوست  ہو گا ، بجٹ میں تمام حکومتی اداروں کے اخراجات میں کٹوتی ہو گی جس کا آغاز ہماری افواج پاکستان نے کیا ۔ تمام اعلیٰ فوجی افسران نے  تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ لینے سے انکار کیا ۔ یہ رقم ہمارے قبائلی علاقوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گی ۔ فردوس عاشق اعوان نے   اپوزیشن  کو بھی آڑے ہاتھوں  لیا کہا کہ  شہباز شریف عدالت کو صرف دھیلے اور دھمڑی کی کرپشن کا فرق سمجھا دیں ، کہیں دھیلے سے مراد ان کی اربوں اور دھمڑی سے مراد کھربوں کی کرپشن تو نہیں ۔ آصف زرداری نے بھی تمام تاخیری حربے استعمال کرلئے اب ان کی پٹاری میں کچھ نہیں رہا ۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب ڈاکٹر شہزاد اکبر  نے کہا کہ بزنس کمیونٹی  کا مطالبہ تھا کہ  وہ اپنے اثاثے ظاہر کر سکیں ۔ ایمنیسٹی سکیم اسی وجہ سے لانچ کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  26 ممالک سے پاکستانیوں  کے  اکاونٹس اور اثاثوں سے متعلق ڈیٹا موصول ہوا ۔  پاکستان نے برطانیہ سے  معاہدہ  کیا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک  کے شہریوں کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے معلومات شیئر ہوں گی ۔