Saturday, May 4, 2024

ناجائز ٹیکسوں کیخلاف اپٹما بھی میدان میں کود پڑی !!! 7اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا

ناجائز ٹیکسوں کیخلاف اپٹما بھی میدان میں کود پڑی !!! 7اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا
July 30, 2015
لاہور (92نیوز) بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور سو ارب روپے کے حکومتی ٹیکسوں کے خلاف اپٹما نے سات اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ اپٹما رہنماوں کا کہنا ہے کہ اگر معاملات ایسے ہی غیر حل شدہ رہے تو غیر معینہ مدت تک ہڑتال کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر سے اپٹما رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے ناجائز ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں ہونے والے اضافے کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے سات اگست کو ملیں بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ چیئرمین اپٹما ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسڑی پر سو ارب روپے کے ٹیکس لگا دیئے ہیں جبکہ بجلی چوری کے نام پر بجلی کی قیمتیں چودہ روپے فی یونٹ تک لے گئی ہے۔ چیئرمین اپٹما نے مزید کہا کہ انہیں ایف بی آرکی جانب سے ناجائز نوٹسز دے کر ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ہرگزرتے دن کے ساتھ ساتھ برآمدت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ اپٹما رہنماوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا سات نکاتی ایجنڈا وزارت تجارت کو بھجوا دیا ہے اور اب اسی ایجنڈے پر ہی مذاکرت ہوں گے۔