Friday, April 26, 2024

ناتجربہ کار سیاستدان ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں ، بلاول بھٹو

ناتجربہ کار سیاستدان ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں ، بلاول بھٹو
September 26, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ناتجربہ کار سیاستدان ملک کو تباہی کی طرف لےجا رہے ہیں ۔ تبدیلی سرکار بلاول بھٹو کی تنقید کی زد میں آ گئی  ۔نوابزادہ نصراللہ خان کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے حکومتی پالیسیوں  کو نشانہ بناتے ہوئے کہا  ملک چندے سے نہیں چلا کرتے ،کشکول توڑنے  کے دعوے کرنے والوں نے چندے سے آغاز کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک سلیکٹڈ  حکومت کے حوالے کیا جا چکا ہے ،جس کی غلط پالیسی ملک کے لئے نقصان دہ ہیں ۔ حکومت کی خارجہ پالیسی  کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو نشانے پر رکھا اور کہا کہ خدا را  خارجہ پالیسی کو مذاق نہ بنایا جائے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں نہ جانے اور مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ نہ اٹھانے پر تنقید کی اور کہا وزیراعظم نے خود جانے کی بجائے وزیرخارجہ کو بھیج دیا ۔ نئی حکومت کے نئے بجٹ  سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا  کہ آج بھی آصف علی زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں  ، انتخابات 2018 میں دھاندلی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس پراحتجاج بھی کیا، بلاول بھٹو زرداری نے نوابزادہ نصراللہ خان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔