Friday, March 29, 2024

نااہلی کیس : عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف درخواستیں خارج

نااہلی کیس : عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف درخواستیں خارج
November 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نااہلی کیس کی سماعت سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک موخر کر دی۔ عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دائر درخواستیں خارج کر دی گئیں۔ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کاکہنا ہے سپریم کورٹ نے کارروائی روکنے کاحکم نہیں دیا۔ الیکشن کمیشن پانامہ لیکس معاملے کی سماعت کر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن نے فریقین سے رائے لی کہ سپریم کورٹ میں سماعت کے باعث کارروائی جاری رکھی جائے یا نہیں۔ وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ نے کہا پاناما لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کا انتظار کیا جائے جبکہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے وکیلوں نے کیس کی سماعت جاری رکھنے کی استدعا کی۔ میڈیا سے گفتگو میں لطیف کھوسہ کا کہنا تھا الیکشن کمیشن ان درخواستوں پر سماعت کےلئے آئینی ادارہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ میں کیس دائر نہیں کیا۔ کیس کو یہاں بھی سنا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ الیکشن کمیشن پاناما لیکس معاملے کی سماعت کر سکتا ہے۔ شیخ رشید کہتے ہیں کل پاکستان کی تاریخ کا نیا باب کھلے گا۔ سب کی نگاہیں سپریم کورٹ پر مرکوز ہوں گی۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق درخواستیں بھی خارج کر دیں۔ سپیکرکے ریفرنسز اور کیپٹن صفدر کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت16 نومبر کو ہو گی۔