Thursday, April 25, 2024

نااہلوں کے ٹولے سے ملک سنبھالا نہیں جا رہا ہے، بلاول بھٹو

نااہلوں کے ٹولے سے ملک سنبھالا نہیں جا رہا ہے، بلاول بھٹو
April 12, 2019

گھوٹکی (92 نیوز) پی پی پی چئیرمین بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا نااہلوں کے ٹولے سے ملک سنبھالا نہیں جارہا ہے۔

گھوٹکی کے علاقے خان گڑھ میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ اور بلوں میں اضافہ ہو گیا ہے، مہنگائی اور بے روز گاری بڑھ رہی ہے جبکہ دوائیاں بھی مہنگی کردیں گئی ہیں۔

 بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  حکمران غربت نہیں، غریب کو ختم کررہے ہیں۔ عمران خان کا ہر نعرہ جھوٹا نکلا، خودکشی کی بجائے یہ آئی ایم ایف کے قدموں میں بیٹھ گئے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں اتنا بڑا سانحہ ہوا لیکن ہمارے وزیراعظم اب تک کوئٹہ نہیں پہنچے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑنے اور ون یونٹ لانے کی کوشش کی گئی تو دما دم مست قلندر ہوگا۔ وفاق اٹھارہویں ترمیم کی وجہ سے نہیں کٹھ پتلی وزیراعظم کی پالیسیوں اور نااہلی کی وجہ سے دیوالیا ہورہا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خان صاحب ایمنسٹی اسکیم سے کس کا کالا دھن سفید کرنا چاہتے ہیں؟ علیمہ باجی کا، علیم خان کا، جہانگیر ترین کا یا ان لوگوں کا کالادھن جو آپ کو چندہ دیتے ہیں۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ان کی ایمنسٹی اسکیم ٹیکس دینے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا، آج لوگ کھانے کے ایک نوالے کو ترس رہےہیں۔