Friday, April 19, 2024

نااہل شخص کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا بل کل پیش کئے جانے کا امکان

نااہل شخص کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا بل کل پیش کئے جانے کا امکان
November 20, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اپوزیشن جماعتوں نے نوازشریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے لئے پر تول لئے ۔ حزب اختلاف کل قومی اسمبلی میں بل پیش کرے گی ۔ اپوزیشن سینیٹ میں یہ بل پہلے ہی منظور کرا چکی ہے ۔ دوسری جانب حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو بل کو ناکام بنانے کے لئے لالے پڑ گئے ۔
قومی اسمبلی سے بل کی منظوری کے لئے اپوزیشن کو ایوان میں موجود ارکان کی سادہ اکثریت درکار ہے۔ جبکہ حکمران جماعت کی کوشش ہو گی کہ یہ بل کسی صورت پاس نہ ہو ۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو پریشانی لاحق ہہے کہ سینیٹ کے بعد کہیں یہ بل قومی اسمبلی سے بھی منظور نہ ہو جائے ۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی اور وزیر پارلیمانی امور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کل قومی اسمبلی میں تمام ارکان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل تین بجے طلب کیا ہے جس میں بل کی منظوری کے لئےحکمت عملی طے کی جائےگی۔