Thursday, April 25, 2024

نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو تباہ کر دیا ، بلاول بھٹو

نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو تباہ کر دیا ، بلاول بھٹو
October 22, 2020
گانچھے (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو تباہ کر دیا۔ بلاول بھٹو نے گانچھے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان میں ہماری حکومت بنے گی۔ آپ کی اسمبلی جو قرارداد پاس کرے گی، ہماری جماعت قومی اسمبلی سے اسے پاس کرائے گی ۔ ہماری جماعت روزگار دینے والی جماعت ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی سطح پر پاکستانیوں کو روزگار دلایا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں صنعتوں کو ترقی دیکر روزگار کا بندوبست کیا۔ صدر زرداری نے غریب ترین لوگوں کی مدد کے لیے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام دیا۔ موجودہ حکومت روزگار دینے کے بجائے پاکستانی عوام سے روزگار چھین رہی ہے۔ صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی روزگار اور سہولیات دے سکتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا سندھ میں بہترین صحت کی سہولیات دے رہے ہیں۔ سندھ کی ایک تحصیل میں جگر کی پیوندکاری کی مفت سہولت دے رہے ہیں۔ پنجاب اور دیگر صوبوں کے عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ سندھ کی طرح گلگت بلتستان میں بھی تعلیم اور صحت کی بہترین سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا پورے پاکستان میں سب سے زیادہ صحت اور تعلیم کے ادارے پیپلز پارٹی کے دور میں بنے۔ میں دنیا کو پہلے گلگت بلتستان جانے کا کہتا ہوں بعد میں سندھ آنے کا کہتا ہوں۔ گلگت بلتستان کو اللہ تعالی نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔ ہم نے گلگت بلتستان کو بچانا ہے ۔ ہم ہائبرڈ نظام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم اس کٹ پتلی حکومت سے جمہوریت کو بچائیں گے۔