Friday, April 19, 2024

نائیک سیف علی جنجوعہ کا 72واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے

نائیک سیف علی جنجوعہ کا 72واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے
October 26, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)نائیک سیف علی جنجوعہ کا 72واں یوم شہادت آج پورے عقیدت و احترام اور وطن کیلئے عظیم جذبہ دفاع کیساتھ منایا جا رہا ہے۔

نائیک سیف علی جنجوعہ  آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل نکیال کے ایک گاؤں میں 25 اپریل 1922ء میں پیدا ہوئے۔ 18 سال کی عمر میں برٹش انڈین آرمی کی رائل کور آف انجینئرز میں شمولیت اختیار کی۔ 1947 میں سردار فتح محمد کریلوی کی حیدری فورس میں شامل ہوئے۔ سیف علی خان جنجوعہ کی بٹالین کو بدھا کھنہ کے مقام پر دشمن کا حملہ روکنے کا حکم ملا۔

نائیک سیف علی جنجوعہ کی پلاٹون کا مقابلہ بھارتی فوج کے پورے بریگیڈ سے تھا ، جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کرتے ہوئے پلاٹون کی نامکمل اور مختصر نفری کے ساتھ  بھارتی بریگیڈ کو پسپا کیا ، اسی معرکے میں انہوں نے مشین گن سے دشمن کا ایک جہاز بھی مار گرایا، بے جگری اور جانبازی کی سنہری داستان رقم کرتے ہوئے نائیک سیف علی جنجوعہ جام شہادت نوش کر گئے۔

بے مثال بہادری دکھانے پر 14 مارچ 1949ء کو حکومت آزاد جموں و کشمیر نے نائیک سیف علی خان جنجوعہ کو آزاد جموں و کشمیر کا سب سے بڑا جنگی اعزاز” ہلال کشمیر “ عطا کیا۔ نائیک سیف علی نشان حیدر کے مساوی اعزاز ” ہلال کشمیر“ پانے والے واحد شہید تھے۔

حکومت پاکستان نے آپ کی لازوال قربانی کی یاد میں 30 اپریل 2013 کو ایک یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا۔