Friday, March 29, 2024

نائیک سیف علی جنجوعہ کا 72 واں یوم شہادت، آرمی چیف نے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی

نائیک سیف علی جنجوعہ کا 72 واں یوم شہادت، آرمی چیف نے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی
October 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) شہید کشمیر نائیک سیف علی جنجوعہ کے 72واں یوم شہادت پر شہید کے مزار پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، آرمی چیف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی گئی۔ شہید کشمیر نائیک سیف علی جنجوعہ کا 72واں یوم شہادت منایا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کے مزار پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ شہید کے آبائی قصبے نکیال کوٹلی میں دھرتی کے عظیم سپوت کو خراج عقیدت پیں کیا گیا، میجر جنرل شاہد امتیاز نے شہید کے مزار پر حاضری دی اور آرمی چیف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی،  اور فاتحہ خوانی کی۔ اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ٹوئٹر پر نائیک سیف علی جنجوعہ کے یوم شہادت اپنے پیغام میں کہا تھا، نائیک سیف علی جنجوعہ نشان حیدر کی بہادری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی قربانی کشمیر کیلئے عزم یاد کراتی رہے گی۔ قوم شہید کی قربانی کوہمیشہ یاد رکھے گی، نائیک سیف علی جنجوعہ نے ارض پاک کی عظمت کیلئےاپنی جان کی عظیم قربانی دی۔ نائیک سیف علی جنجوعہ کو بطور پلاٹون کمانڈر مینڈھر سیکٹر میں بھارتی فوج کے پورے بریگیڈ سے جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔ وطن کی حرمت کیلئے بے جگری اور جانبازی کی عظیم داستان رقم کرتے ہوئے 26اکتوبر 1948ء کو جام شہادت نوش کیا۔ 14 مارچ 1949ء کو حکومت آزاد جموں و کشمیر نے نائیک سیف علی خان جنجوعہ کو آزاد جموں و کشمیر کا سب سے بڑا جنگی اعزاز” ہلال کشمیر “ عطا کیا، جو نشان حیدر کے مساوی ہے۔