Sunday, September 8, 2024

نائنٹی ٹو نیوزکی کاوشیں‘ بھارت میں قید پاکستانی ہندو یاتریوں کو رہائی مل گئی

نائنٹی ٹو نیوزکی کاوشیں‘ بھارت میں قید پاکستانی ہندو یاتریوں کو رہائی مل گئی
March 27, 2016
لاہور (92نیوز) نائنٹی ٹو نیوز کی کوششیں رنگ لے آئیں اور بھارت میں پھنسے 35 ہندو یاتریوں میں سے 33 کو رہا کر دیا گیا۔ رہائی پانے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بھارتی قید سے آزاد ہونے والے تمام افراد آئندہ ہفتے ٹرین کے ذریعے پاکستان آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹو نیوز چینل کی جانب سے آواز بلند کرنے پر بھارت میں قید ہندو یاتریوں کو رہائی مل گئی۔ بھارت میں قید 35 پاکستانیوں میں سے 33 کو 24 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد آزاد کر دیا گیا ہے۔ ان افراد کا تعلق سندھ کے علاقوں تھرپارکر‘ میرپور خاص اور عمرکوٹ سے ہے جو مذہبی رسومات کے سلسلے میں دس روز پہلے بھارت گئے تھے تاہم راجستھان کے علاقے جیسلمیر میں پولیس نے انہیں یہ کہہ کر گرفتار کر لیا کہ انہیں جیسلمیر آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ نائنٹی ٹو نیوز نے معاملہ اٹھایا تو پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی حکام سے رابطہ کیا جس پر گرفتار ہندو یاتریوں کر رہا کردیا گیا۔ رہائی پانے والوں میں خواتین اور بچوں سمیت پانچ بھائی بھی شامل ہیں جبکہ تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ کے رہائشی دلیپ کمار میگھواڑ اور اس کے ساتھی کو رہا نہیں کیا گیااور وہ بدستور جیسلمیر پولیس کی حراست میں ہیں۔ بھارت کی قید سے آزاد ہونے والے تمام افراد تھر ایکسپریس کے ذریعے آئندہ دو روز میں پاکستان واپس آئیں گے۔