Saturday, April 20, 2024

نائنٹی ٹو نیوز کی کاوشیں، لاکھوں والے اسٹنٹ کی قیمت ہزاروں میں آ گئی

نائنٹی ٹو نیوز کی کاوشیں، لاکھوں والے اسٹنٹ کی قیمت ہزاروں میں آ گئی
March 1, 2017

اسلام آباد (92نیوز) بیس ہزار میں درآمد ہونے والا اسٹنٹ اب اڑھائی لاکھ میں نہیں بکے گا، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے نیا فارمولہ دے دیا، اسٹنٹ کی درآمدی قیمت پر منافع کی شرح زیادہ سے زیادہ پچاس فیصد تک ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹونیوز کے معاملہ اٹھانے پر اسٹنٹس کی قیمتوں کو بریک لگ گئی۔ سٹنٹ مافیا شکنجے میں آگیا۔ 20ہزار میں درآمد کیا جانے والا سٹنٹ اب ڈھائی لاکھ نہیں صرف 79ہزار میں فروخت ہوگا۔ منافع کی شرح بھی زیادہ سے زیادہ 50فیصد تک ہو گی۔ سٹنٹس کی قیمتوں کے فارمولے پر مبنی ڈیوائس پالیسی کی حتمی منظوری ڈرگ پالیسی بورڈ اور بعد میں وزیراعظم دینگے۔

نئے فارمولا کے تحت دس ہزار میں درآمد کیا جانے والا اسٹنٹ 15 سے 16 ہزار میں فروخت ہوسکے گا۔ 20 ہزار والے اسٹنٹ کی قیمت 30 سے 31 ہزار کے درمیان مقرر ہوگی۔ اسی طرح 30 ہزار کا اسٹنٹ مریض کو 46 ہزار تک فروخت ہوسکے گا۔ 40 ہزار روپے میں درآمد ہونے والے اسٹنٹ کی نئی قیمت ہوگی صرف 63 ہزار روپے جبکہ پچاس ہزار روپے میں درآمد ہونے والا اسٹنٹ اب ڈھائی لاکھ میں نہیں صرف 79 ہزار روپے میں فروخت کیا جاسکے گا۔

ساتھ ہی اینجوپلاسٹی میں استعمال ہونیوالے کیتھٹرز اور بیلون سمیت 4 اقسام کے طبی آلات کی قیمتیں بھی اسی شرح منافع کے ساتھ مقرر کی جائیں گی۔ اسٹنٹ کی درآمدی قیمت پر منافع کی شرح زیادہ سے زیادہ 50فیصد تک ہوگی۔

اسٹنٹ کی فلنگ، ڈاکٹر فیس، اسپتال چارجز، ڈسٹری بیوشن، ویئر ہاﺅسز اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام مالی و انتظامی اخراجات بھی پچاس فیصد منافع میں شامل ہوں گے تاہم ڈسٹری بیوٹر کو قیمت کے تعین کے لیے اسٹنٹس کی درآمدی قیمت اور کسٹم ریکارڈ دینا ہوگا۔ قیمتیں طبی سامان پر چسپاں کرنے کی بھی پابندی ہوگی۔