Thursday, April 18, 2024

نائنٹی ٹو نیوز کی خبر پرایکشن ،وزیر اعلیٰ نے وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی

نائنٹی ٹو نیوز کی خبر پرایکشن ،وزیر اعلیٰ نے وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی
June 26, 2015
لاہور(92نیوز)نائنٹی ٹو نیوز کی  خبر پر پنجاب حکومت کی آنکھ کھل گئی  وزیراعلیٰ   پنجاب شہباز شریف  نے  آٹھویں جماعت کی کتاب میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ اور پنجاب کے چھ صوبوں  کی اشاعت پر وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی،پنجاب اسمبلی میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کےخلاف تحریک التوا بھی جمع کرادی گئی،نائنٹی ٹو نیوز نے مثبت صحافت کا ایک اور ثبوت دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹو نیوز نے گزشتہ روز   آٹھویں جماعت کی کتاب میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ اور پنجاب کے چھ صوبوں کے غلط نقشے کی اشاعت  کی خبر سب سے پہلے  بریک کی  جس پر آج وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لے لیا ہے،وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی اور اس  فاش غلطی کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  غلطی کے مرتکب افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، دوسری طرف  پنجاب اسمبلی میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کےخلاف تحریک التوا بھی جمع کرادی گئی ۔ تحریک التوااپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید نے جمع کرائی ہے  ان کا کہناہے کہ نائنٹی ٹو نیوز عوام کے مسائل کی صحیح ترجمانی کررہا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے آٹھویں جماعت کی جغرافیہ کی کتاب  میں پاکستان کے آئین اور جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرائیکستان اور ہزارہ کے دو نئے صوبے درسی کتب میں چھاپ دئیے ہیں،کتاب میں شائع نقشے میں کشمیر کے حصہ کے نیچے بھی متنازعہ علاقہ لکھا گیا ہے۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے جغرافیہ کی کتاب این او سی کے بغیر ہی چھاپ ڈالی جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کتابیں چھپ کر مارکیٹ میں بھی آگئی ہیں۔