Friday, March 29, 2024

نائنٹی ٹو نیوز کی بائیکاٹ ڈالر مہم، محب وطن میدان میں آگئے

نائنٹی ٹو نیوز کی بائیکاٹ ڈالر مہم، محب وطن میدان میں آگئے
May 22, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نائنٹی ٹو نیوز کی بائیکاٹ ڈالر مہم  پر محب وطن پاکستانی میدان میں آگئے ، لاہور ، فیصل آباد ، کراچی ، پشاور سمیت شہر شہر شہریوں نے ذخیرہ شدہ ڈالر فروخت کرنا شروع کر دیے ۔ امپورٹڈ اشیا کی خریداری بھی ترک کردی  گئی  ۔ شہریوں نے حکومت سے ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ  کر دیا جب کہ  یاسمن راشد ، مشتاق غنی سمیت سیاستدان اور اداکار بھی نائنٹی ٹو نیوز کے ہم آواز ہو گئے ۔ معیشت کی بہتری کیلئے 92نیوز کی مہم ہر پاکستانی کی آواز بن گئی ، سوشل میڈیا پر بائیکاٹ ڈالر تاحال ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ ہے ، بڑی تعداد میں پاکستانی حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے ڈالر کا بائیکاٹ کررہے ہیں اور نائنٹی ٹو نیوز کی کاوش کا خیر مقدم کررہے ہیں۔ محب وطن پاکستانیوں نے ڈالر کو چاروں شانے چت کرنے کی ٹھان لی اور نائنٹی ٹو نیوز  کی مہم کو آگے بڑھانے کی اپیل کی کہ150 دن غیر ملکی مصنوعات کی خریداری نہ کرکے ملکی معیشت کا سہارا بنیں۔ پچیس مئی سے اکتیس اکتوبر تک صرف پاکستانی اشیا خریدیں اور تحریک کا آغاز کریں ،ایسے ہی ایک اور صارف نے لکھا کہ پاکستانیوں اپنے روپے کو عزت دو۔ ایک صارف نے لکھا کہ ہمارا ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اسے ان مشکلات سے نکالیں اور ڈالر کی بجائے پاکستانی مصنوعات خریدیں۔ ایک اور پاکستانی نے ہم وطنوں کو مخاطب کرتے کہا اپنے ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے پاکستانی مصنوعات خریدیں، اس طرح سے ہم ڈالر کی قدر گرا سکتے ہیں۔ ایسے ہی ایک اور محب الوطن صارف نے عوام سے اپیل کہ وہ ڈالر کو رد کرتے ہوئے پاکستانی روپیہ خریدیں اور اپنے پاس موجود ڈالرز کو بھی ملکی کرنسی سے تبدیل کرائیں، اس سے ہمارا ملک مضبوط ہوگا۔ ہر پاکستانی ڈالر بھگاؤ ملک بچاؤ  مہم میں شامل ہوکر حب الوطنی کا ثبوت دے رہا ہے ۔  صارفین ڈالر ذخیرہ کرنے والوں سے بھی ملکی مصنوعات خریدنے کی اپیل کررہے ہیں کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہے یہ ملک ہماری آن ہماری شان ہے اسے آج بچائیں گے تو ہمارا مستقبل محفوظ ہوگا۔