Thursday, April 25, 2024

نائنٹی ٹو نیوز کا سپاہی کالا خان دہشتگردوں کو پکڑنے کی کوشش میں شہید، ورثا کیلئے ایک لاکھ روپے مالی مدد کا اعلان

نائنٹی ٹو نیوز کا سپاہی کالا خان دہشتگردوں کو پکڑنے کی کوشش میں شہید، ورثا کیلئے ایک لاکھ روپے مالی مدد کا اعلان
July 7, 2015
کوئٹہ (نائنٹی ٹو نیوز) بہادر پولیس اہلکار اور نائنٹی ٹو نیوز کے سپاہی کوئٹہ کے بہادر پولیس اہلکار نے فرض کی خاطر جان قربان کر کے فرض شناسی کی مثال قائم کر دی۔ کالا خان دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش میں جام شہادت نوش کر گیا۔ کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والا پولیس اہلکار کالا خان بہادر اور فرض شناس جوان تھا جس نے فرض کی خاطر جان کی بھی پروا نہ کی۔ کالا خان نائنٹی ٹو نیوز کے دفتر میں حکومت کی طرف سے حفاظتی گارڈ تعینات تھا۔ قوم کا بہادر سپوت کالا خان نائنٹی ٹو نیوز کے دفتر میں معمول کی ڈیوٹی کیلئے پاسپورٹ آفس کے سامنے سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران دہشت گردوں نے اپنے ٹارگٹ پر فائر کھول دیا تو کالا خان نے اپنی تربیت اور ملک دشمنوں کے خلاف جذبے کے تحت بہادری دکھائی اور ایک حملہ آور کو گولی کا نشانہ بنا کر زخمی حالت میں پکڑ لیا۔ اسی دوران دہشت گرد کے دوسرے ساتھی نے کالا خان کے سر پر گولی ماری اور شہید کر دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز انتظامیہ نے فرض شناس اور بہادر پولیس اہلکار کالا خان کے ورثا کے لئے ایک لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔