Friday, April 26, 2024

نائنٹی ٹو نیوز وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی اندرونی کہانی سامنے لے آیا

نائنٹی ٹو نیوز وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی اندرونی کہانی سامنے لے آیا
April 19, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) نائنٹی ٹو نیوز وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی اندرونی کہانی سامنے لے آیا۔ وہ کون سی وجوہات تھیں جو وزرا کو لے ڈوبیں وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا بھونچال کیوں آیا ساری کہانی سامنے آ گئی۔

 ذرائع بتاتے ہیں محکمانہ کارکردگی، خفیہ رپورٹس، مانیٹرنگ اور عوامی رائے کابینہ میں ردوبدل کا سبب بنی۔ وزیراعظم عمران خان بعض وزرا کی کارکردگی پر سخت نالاں تھے جنہیں ہٹانے کا فیصلہ گزشتہ ماہ ہی کر لیا گیا تھا۔

ایمنسٹی اسکیم ، مہنگائی ، ایف بی آر کی ناکامی اور ڈالر مہنگا ہونا اسد عمر کی وزارت  کو لے ڈوبا۔ اسد عمر کو ہٹانے کے لئے وزیر اعظم پر پارٹی، میڈیا، اور حکومتی ارکان کا دباؤ تھا۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم متعدد مرتبہ اسد عمر سے مہنگائی زیادہ ہونے کا شکوہ کرتے رہے۔ ایک اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اسد عمر سے کہا اسد! آپ کی پالیسیاں غریبوں کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ کابینہ کے آخری دو اجلاسوں میں متعدد وفاقی وزراء کی بھی اسد عمر سے گرما گرمی ہوئی۔ اسد عمر کی جانب سے  حالات بہتر ہونے کی تسلیاں بھی وزیر اعظم کو مطمئن نہ کر سکیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے وزیر اعظم نے اسد عمر کو  وزارت چھوڑنے پر مائل کرنے میں دو دن لگائے۔

 وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کی کہانی بھی اسد عمر سے کچھ مختلف نہیں۔ گیس کے ہوشربا بلز پر تحقیقاتی رپورٹ نے وزیر پٹرولیم کو دفاعی پوزیشن پرلاکھڑا کیا۔ گیس بلوں پر سخت دباؤ کے باعث غلام سرور خان کو تبدیل کرنا پڑا۔

وزیراعظم عمران خان عوام کو مہنگی ادویات کا تحفہ دینے والے وزیر صحت عامر کیانی  سے بھی خفا تھے ۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیر اعظم نے عامر کیانی کو ناراضگی کا پیغام  بھی بھجوایا ۔

 ایم ڈی پی ٹی وی پر تنقید، سینئر رہنماؤں کےخلاف بیان بازی فواد چودھری  کو وزارت اطلاعات سے ہٹانے کا سبب بنی تاہم  انہیں ان کی خواہش اور مرضی کے مطابق نئی وزارت دی گئی  ہے۔  

ذرائع کا دعویٰ ہے اعظم سواتی کی کابینہ میں واپسی کا فیصلہ بھی ایک ماہ پہلے کر لیا گیا تھا جبکہ شہریار آفریدی اختیارات کے باوجود متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔ اسی طرح فردوس عاشق اعوان کو اطلاعات کی ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ وزیراعظم نے ایک ماہ پہلے کرلیا تھا۔