Saturday, April 20, 2024

نائن زیرو پر مارے گئے چھاپے کے حقائق متعلقہ سیاسی جماعت کی جانب سے مسخ کیے جا رہے ہیں: رینجرز ذرائع

نائن زیرو پر مارے گئے چھاپے کے حقائق متعلقہ سیاسی جماعت کی جانب سے مسخ کیے جا رہے ہیں: رینجرز ذرائع
July 12, 2015
نائن زیرو پر مارے گئے چھاپے کے حقائق اور اعداد وشمار کو متعلقہ سیاسی جماعت کی جانب سے مسخ کر کے عوام اور میڈیا میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امر تشویشناک ہے کہ نائن زیرو عزیز آباد پر مارے گئے چھاپے کے  حقائق اور اعدادوشمار کو متعلقہ سیاسی جماعت کے ترجمان کی جانب سے توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ حقائق کو اس طرح مسخ کرنا عوام اور میڈیا میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ اس کا مقصد کراچی کے عوام کی سکیورٹی اور امن وامان کی صورت حال سے توجہ ہٹانا ہے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق سندھ رینجرز آئندہ دو تین روز میں نائن زیرو آپریشن سے متعلق اصل حقائق پیش کرے گی۔ نائن زیرو پر رواں برس گیارہ مارچ کو علی الصبح رینجرز کی بھاری نفری نے چھاپہ مارا تھا۔ رینجرز کے ترجمان کرنل طاہر نے نائن زیرو کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ دو گھنٹے تک کارروائی کی گئی جس میں انہیں کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ آپریشن کے دوران سزائے موت پانے والے قیدیوں، ٹارگٹ کلرز اور ایسے افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جن کے خلاف ایف آئی آرز درج ہیں۔ ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا تھا جس میں غیرملکی اسلحہ بھی شامل تھا۔