Wednesday, May 1, 2024

نائن زیرو سمیت ایم کیو ایم سے منسلک دفاتر سیل‘ ملک مخالف لٹریچر برآمد

نائن زیرو سمیت ایم کیو ایم سے منسلک دفاتر سیل‘ ملک مخالف لٹریچر برآمد
August 23, 2016
کراچی (92نیوز) رینجرز نے عزیز آباد میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سمیت4 چار شعبہ جات سیل کر دیے۔ آپریشن کے دوران پاکستان کی مخالفت پر مبنی مواد سمیت اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ادھر فاروق ستار اور خواجہ اظہار بھی رینجرز کی حراست میں ہیں جبکہ عامر خان کو رہا کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز کراچی پریس کلب پر ایم کیو ایم قائد کی پاکستان مخالف تقریر اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی اور کارکنوں کے میڈیا ہاوسز پر حملوں کے بعد رینجرز نے رات گئے نائن زیرو سمیت اطراف کے علاقوں میں آپریشن کیا۔ اس دوران داخلی وخارجی راستوں کو بند رکھا گیا۔ چار گھنٹوں پر مشتمل آپریشن میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو، خورشید بیگم میموریل ہال، ایم پی اے ہاسٹل اور میڈیا سیل کر دیا گیا۔ کمانڈر سچل رینجرز بریگیڈئر خرم نے بتایا کہ ایم کیوایم کے دفتر سے جدید اسلحہ اور ملک مخالفت پر مبنی لٹریچر بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دوسری گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، گلشن اقبال، محمودآباد، جمشید کوارٹرز، شاہ فیصل کالونی اور گارڈن میں بھی ایم کیوایم کے سیکٹر اور یونٹ سیل کر دیے گئے ہیں۔ فاروق ستار اورخواجہ اظہار بھی رینجرز کی حراست میں ہیں جبکہ عامر خان کو رہا کردیا گیا ہے۔