Sunday, September 8, 2024

نائن الیون کے ہولناک سانحہ نے عالمی منظر نامہ یکسر تبدیل کردیا

نائن الیون کے ہولناک سانحہ نے عالمی منظر نامہ یکسر تبدیل کردیا
September 11, 2017

واشنگٹن (92 نیوز) نائن الیون ۔۔۔ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک میں ہولناک سانحہ نے عالمی منظر نامہ یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا۔ اس روز صبح آٹھ بج کر چھیالیس منٹ پر امریکا میں قیامت برپا تھی۔ ورلڈ ٹریڈ سنٹرز سے طیارے ٹکرائے اور بلندو بالا ٹاورز زمین بوس ہو گئے۔

گیارہ ستمبر 2001 کو صبح آٹھ بج کر 45 منٹ پر پہلے ایک مسافر بردار بوئنگ طیارہ 757 نیو یارک کے 110 منزلہ ورلڈ ٹریڈ ٹاور سے ٹکرایا۔ اس کے اٹھارہ منٹ بعد ہی دوسرا بوئنگ 757 دوسرے ٹاور سے ٹکرا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں ٹاورز راکھ کا ڈھیر بن گئے۔  

ٹھیک ایک گھنٹے بعد ایک اور اغوا شدہ مسافر جہاز بوئنگ 757 امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹرز پینٹاگون پر گرایا گیا۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے آدھے گھنٹے بعد ایک اور جہاز کے متعلق خبر آئی۔ جسے اغوا کر کے وائٹ ہاؤس کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔ یہ بھی بوئنگ 757 تھا تاہم پنسلوانیا کے مقام پر لڑاکا طیاروں نے اسے مار گرایا گیا۔

ان حملوں کے دوران طیاروں میں موجود تمام مسافر مارے گئے جبکہ ٹاورز میں 10ہزار کے قریب افراد موجود تھے۔ اس دہشت گردی کے بعد امریکا کے تمام ایئر پورٹس بند کر دیئے گئے۔ سرکاری عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔  

بدترین دہشت گردی کے بعد امریکا نے دنیا بھر میں ’’وار آن ٹیرر ‘‘کی بنیاد ڈالی جبکہ افغانستان، عراق، یمن اور پاکستان کارروائی کا ہدف ٹھہرے۔ امریکا نے افغانستان پر حملہ کیا جبکہ پاکستان نے بھی دہشت گردی کے خلاف منظم آپریشن کا آغاز کیا اور کئی ہائی پروفائل دہشت گردوں کو پاک افغان بارڈر سے پکڑا۔

بعض عالمی مبصرین کہتے ہیں کہ نائن الیون کے بعد دنیا بھر کا امن خطرے میں پڑ گیا جبکہ امریکی جوابی کارروائیوں پر دہشتگردی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔