Thursday, May 2, 2024

نئے پاکستان میں مزدور کو لاوارث چھوڑ دیا گیا، بلاول

نئے پاکستان میں مزدور کو لاوارث چھوڑ دیا گیا، بلاول
May 1, 2019
 کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا نئے پاکستان میں مزدور کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ بلاول نے کراچی میں جلسے سے خطاب میں کہا افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ نئے پاکستان میں مزدور کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔ ملک میں مزدوروں کا حق چھینا جا رہا ہے۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت سے مزدوروں کے حقوق چھین لیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری بولے مزدور اور سرمایہ دار کے درمیان ہمیشہ کشمکش رہی ہے۔ سرمایہ دار نے ہمیشہ مزدور کا گلا دبانے کی کوشش کی ہے۔ اب اس کشمکش میں ٹیکنالوجی بھی شامل ہو گئی ہے۔ سرمایہ دار اور ٹیکنالوجی مل کر مزدور کا استحصال کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا مزدور اپنی کمر پر گندم اٹھا تو سکتا ہے، کھا نہیں سکتا۔ سرمایہ دار گندم کھا تو سکتا ہے لیکن کمر پر اٹھا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا ملکی تاریخ میں کسی نے مزدوروں کا خیال رکھا تو وہ پیپلزپارٹی ہے۔ پہلی لیبر پالیسی ذوالفقار علی بھٹو نے دی۔ مزدوروں کےحقوق ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے ہے۔ شہید بے نظیر بھٹو نے یونیز پر پابندی ختم کی۔ بے نظیر نے ضیا کے کالے قوانین ختم کیے اور مزدوروں کیلئےاصلاحات کیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا دیگر صوبوں کی حکومتوں نے مزدوروں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے 18 ویں ترمیم کے بعد چائلڈ لیبر پالیسی دی۔ انہوں نے کہا مزدور کیلئے گھر چلانا مشکل ہو چکا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری بولے عمران خان نے وزیر خزانہ ہٹا کر تسلیم کیا کہ معاشی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ خان نے وزیر خزانہ ہٹا کر مان لیا کہ ناکام ہیں، کچھ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے عوام کے 8 ماہ ضائع کیے۔ انہوں نے عوام کا معاشی قتل کر دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا حکمرانوں کی ناکامی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔ ہم ان کونہیں مانتے، عوام دشمن پالیسی کامقابلہ کریں گے۔ ہم ان کو عوام کی خدمت پر مجبور کردیں گے۔