Tuesday, April 16, 2024

نئے سال پر فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی ، پولیس چیف کراچی

نئے سال پر فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی ، پولیس چیف کراچی
December 31, 2018
کراچی ( 92 نیوز)  ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیر شیخ نے نئے سال پر فائرنگ کرنے والے عناصر کو سخت وارننگ جاری کردی اور کہا کہ  پولیس اور رینجرز ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کو گرفتار کرے گی۔ پولیس چیف کراچی نے  اپنے پیغام میں کہا کہ دوسروں کی خوشیاں خراب کرنے والے اپنی رات حوالات میں گزاریں گے، آج کراچی میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائے گا، میں تو اسے مغربی کلچر سمجھتا ہوں پھر بھی خوشیاں منانا آپ کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی نماز پڑھ کر نئے سال کا آغاز کرتا ہے کوئی خوشیاں منا کر،  جیسے ہی 12 بجتے ہیں میں دو رکعت نماز نفل پڑھتا ہوں،  آپ  خوشیاں ضرور منائیں لیکن دوسروں کا خیال رکھیں، ماضی میں ایسے واقعات پیش آئے کہ کسی کی بچی کو اور بڑے کو گولی لگی۔ پولیس چیف کا کہنا تھا کہ  ہمیں پتہ ہے کہ کن کن علاقوں سے فائرنگ ہوتی ہے،ڈیفنس کلفٹن ہو یا عزیزآباد کا علاقہ پولیس کسی کو فائرنگ نہیں کرنے دے گی۔ ہم آپ کو آپ کے گھروں سے، چھتوں سے اتاریں گے اور لاک اپ میں بھیجیں گے، آپ سمجھتے ہیں آپ ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں، وہ گولی کسی نہ کسی کو جا کر لگتی ہے۔ اپنے پیغام میں پولیس چیف کراچی کا مزید کہنا تھا کہ  کراچی گنجان آباد شہر ہے ہر جگہ آبادی ہے، کسی بھی امیر یا غریب کو گولی لگتی ہے،  میوزک بجائیں رقص  کریں لیکن کسی اور کی خوشی خراب نہ کریں۔ نیا سال سب کو مبارک ہو، اللہ کرے نیا سال سب کے لیے خوشیاں لائے۔