Sunday, May 19, 2024

نئی ٹیکس پالیسی تیار، فروری میں اعلان کیا جائیگا

نئی ٹیکس پالیسی تیار، فروری میں اعلان کیا جائیگا
January 27, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نئی ٹیکس پالیسی تیار کر لی گئی ۔ ایف بی آر آئندہ ماہ پالیسی کا اعلان کرے گا۔نئی پالیسی کے تحت چار لاکھ نئے  ٹیکس گزاروں کوٹیکس نیٹ میں لایا جائےگا۔ وفاقی حکومت نےنئی ٹیکس پالیسی لانے کا فیصلہ کر لیا، ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹیکس پالیسی آئندہ پانچ سالوں کے لیے پیش کی جائے گی ،نئی پالیسی کے تحت چار لاکھ نئے  ٹیکس گزاروں کوٹیکس نیٹ میں لایا جائےگا۔ نئی ٹیکس پالیسی میں  ٹیکس کے پیچیدہ نظام کو  آسان بنایا جائے گا ،  ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے کے لیے ٹیکس پالیسی میں ہدایات دی جائیں گی۔ پالیسی میں واضح کیا جائے گا کون سے ٹیکسز پر زیادہ انحصار کیا جائے گا۔ ٹیکس پالیسی میں ڈائریکٹ ٹیکسز بڑھانے پر زور دیا جائے گاجبکہ  ٹیکس ادائیگی کے لیے آسان طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔ اس سے قبل 23 جنوری کو حکومت کی جانب سے منی بجٹ پیش کیا گیا تھا جس میں بینکنگ ٹرانزیکشنز پر فائلرز کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے اور گھر بنانے کے لیے عوام کو قرض حسنہ فراہم کرنے کے لیے پانچ ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ منی بجٹ میں   زرعی قرضوں پر ٹیکس میں کمی  اور  ڈیزل انجن پر بھی ڈیوٹی 17 سے کم کر کے 5 فیصد کر دی گئی۔ منی بجٹ میں چھوٹے شادی ہالز پر ٹیکس 20 ہزار سے کم کر کے 5 ہزار کیا گیا جبکہ 5 ارب روپے کے قرضہ حسنہ کی اسکیم لانے کا اعلان بھی کیا۔