Monday, September 16, 2024

نئی ون ڈے رینکنگ جاری، پاکستان کی آٹھویں پوزیشن برقرار

نئی ون ڈے رینکنگ جاری، پاکستان کی آٹھویں پوزیشن برقرار
February 5, 2017

دبئی (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کر دی، پاکستان کی آٹھویں پوزیشن برقرار۔ آسٹریلیا کو سیریز ہرا کر نیوزی لینڈ نے بھارت سے تیسری پوزیشن چھین لی۔ بھارت ایک درجے تنزلی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر چلا گیا۔ آسٹریلیا معمولی فرق کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے اختتام پر آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی۔ سیریز دو صفر سے جیتنے پر نیوزی لینڈ کی ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ چوتھی سے تیسری پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ تیسری پوزیشن پر موجود بھارت ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم شکست کے باوجود پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان کی بھی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن برقرار ہے۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے اور آخری میچ میں میزبان ٹیم نے کینگروز کو چوبیس رنز سے ہرا دیا۔  ٹرینٹ بولٹ چھے وکٹیں حاصل کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ نیوزی لینڈ نے پہلا میچ چھے وکٹوں سے جیتا جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔