Saturday, April 27, 2024

نئی وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ، حسن ،حسین نواز کوواپس لانے سمیت بڑے فیصلے کئے گئے

نئی وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ، حسن ،حسین نواز کوواپس لانے سمیت بڑے فیصلے کئے گئے
August 20, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز)  وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے ۔ وزیراعظم  نے اپنے خطاب میں کہا کہ 100 روزہ پلان پر عملدرآمد تک ہنگامی صورتحال کی سی کیفیت ہو گی، شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لانا مقصد ہے ، کرپشن کے خاتمے کے لیے کابینہ کے تمام ارکان کو کردار کرنا ہوگا ، روایتی انداز سے حکومتی معاملات نہیں چلائے جائیں گے۔ اجلاس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، نوازشریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے ریڈوارنٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے بتایا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائیگا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے ، جب کہ حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار قومی مجرم ہیں  ان کو بھی واپس پاکستان لایا جائے گا۔ اس حوالے سے  ریڈ وارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں جب کہ وزارت قانون اور داخلہ کو ریڈ وارنٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں کابینہ ارکان کے سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کی گئی جب کہ  وزیراعظم ہاؤس کی اضافی گاڑیوں کی نیلامی  ، وزیراعظم اور وزرا کے بیرون ملک دورے محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بیرون ملک سے پیسہ واپس لانے کیلئے ٹاسک فورس کی تشکیل کا بھی اعلان  کیا گیا۔کابینہ نے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کی۔