Friday, March 29, 2024

نئی صف بندیاں‘ پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں کا آج سے آغاز

نئی صف بندیاں‘ پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں کا آج سے آغاز
September 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) روس نے بھارتی دباو نظرانداز کر دیا۔ پاکستان اور روس کی مشترکہ فوجی مشقیں آج سے شروع ہوں گی۔ افتتاحی تقریب گلگت بلتستان کے فوجی تربیتی سکول میں ہو گی۔ مشقیں دس اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق خطے میں نئی صف بندی شروع ہو گئی۔ تاریخ میں پہلی بار پاک روس مشترکہ فوجی مشقیں آج سے شروع ہوں گی۔ روس کی بری فوج کا دو سو رکنی دستہ پاکستان پہنچ چکا ہے۔ یقینا یہ خبربھارت کی نیندیں اڑانے کے لیے کافی ہے کیونکہ پاک روس دفاعی تعاون خطے کی جیو سٹریٹجک صورتحال میں اہم پیشرفت ہے۔ ان مشقوں سے بھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں تبھی تو دو دن پہلے مشقیں منسوخ ہونے کا بے بنیاد دعویٰ کردیا تھا۔ پہلے بھارت روس کا اہم اتحادی تھا لیکن وہاں بھی چالبازی سے باز نہ آیا اور مطلب نکلنے پر امریکہ کی جھولی میں جا بیٹھا۔ اب پاکستان اور روس دفاعی تعاون کے لیے گلے لگ چکے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں آج سے شروع ہونے جارہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک روس مشترکہ فوجی مشقیں 24 ستمبر سے 10 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ روسی زمینی افواج کا 200 رکنی دستہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔