Wednesday, May 8, 2024

نئی دہلی کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات، مودی کی جماعت کو عبرتناک شکست

نئی دہلی کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات، مودی کی جماعت کو عبرتناک شکست
February 8, 2020
نئی دہلی ( 92 نیوز) بھارتی  دارالحکومت نئی دہلی  کی ریاستی اسمبلی کے  انتخابات میں ابتدائی انتخابی جائزوں کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی دائیں بازو کی انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو عام آدمی پارٹی کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا ہے۔ حتمی نتائج کا اعلان 11فروری کو کیا جائے گا۔ مودی کی انتہا پسند حکمران جماعت بی جے کا پی بھارتی راج دھانی نئی دہلی میں ہی دھڑن تختہ ہو گیا ،  بھارتی میڈیا نے اروندکیجیروال کی عام آدمی پارٹی کو فاتح قرار دے دیا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 55،بی جے پی کو 14نشستیں ملی ہیں ،عام آدمی پارٹی نے اپنی شاندار فتح کا اعلان کر دیا ہے جبکہ بی جے پی کے حلقوں میں سوگ کا سماں ہے، وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارٹی رہنماؤں کی ہنگامی میٹنگ بھی بلا لی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی کے انتخابات میں اپنی جماعت کی طرف سے بھرپور انتخابی مہم چلائی تھی لیکن انہیں منہ کی کھانا پڑی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم مذہبی اور قوم پرستانہ نعروں اور بیانیے پر چلائی گئی جبکہ عام آدمی پارٹی نے انتخابی مہم میں شہریوں کے روز مرّہ کے مسائل پر زور دیا۔ پولنگ سے ایک دن قبل بھارتیہ جنتا پارٹی نے ووٹ حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو یہ پیغام دیا کہ اگر وہ شاہین باغ میں جاری شہریت کے ترمیمی قانون کے خلاف جاری دھرنا ختم کرانا چاہتے ہیں تو بی جے پی کو ووٹ دیں لیکن دہلی کی عوام نے مودی کے پیغام کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ شاہین باغ میں گزشتہ دو ماہ سے خواتین نے جن میں بڑی تعداد میں مسلمان خواتین شامل ہے،شہریت کے ترمیمی قانون کے خلاف دھرنا دیا ہوا ہے۔