Friday, March 29, 2024

نئی دہلی میں مسلم کش فسادات، ہلاکتیں 42 ہوگئیں، 350 سے زائد زخمی

نئی دہلی میں مسلم کش فسادات، ہلاکتیں 42 ہوگئیں، 350 سے زائد زخمی
February 28, 2020
نئی دہلی (92 نیوز) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی، 350 سے زائد افراد زخمی ہیں، ان فسادات نے بھارتی معیشت پر بھی شدید منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کے بعد سے حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ اب تک فسادات میں ملوث چھے سو تیس سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فسادات کے دوران جن افراد کے گھروں کو نذر آتش کیا گیا، انہیں پچیس ہزار روپے فی کس امداد اور رہائش کیلئے نو عارضی کیمپس بنائے جائیں گے۔ اُدھر فسادات کے دوران ہندو بلوائیوں کو مسلمانوں کیخلاف تشدد پر اکسانے والی انتہا پسند ہندو خاتون راگِنی تیواری کی ویڈیو سامنے آگئی۔ دوسری جانب دہلی فسادات اور کرونا وائرس نے بھارتی معیشت پر شدید منفی اثرات مرتب کیے۔ جہاں سینکس ایک ہزار چار سو اڑتالیس پوائنٹس کی کمی کیساتھ 38 ہزار 297 تک گر گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق  شدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے ایک ہی دن میں ساڑھے پانچ لاکھ کروڑ ڈوب گئے۔