Saturday, April 20, 2024

نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کے دوران ظلم و جبر کی داستانیں رقم

نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کے دوران ظلم و جبر کی داستانیں رقم
March 3, 2020
 نئی دہلی (92 نیوز) نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کے دوران ظلم و جبر کی داستانیں رقم ہو گئیں۔ ہندو بلوائیوں کے ساتھ پولیس بھی مسلمانوں کی جان کی دشمن بنی رہی۔ مودی حکومت کی سرپرستی میں نئی دہلی میں ہونے والی مسلم کش فسادات نے ظلم و بربریت کی ایسی داستانیں رقم کیں جن کی نظیر کم ہی ملتی ہے ۔ فسادات کے دوران تشدد کی ویڈیو  منظر عام پر آئی تھی جس میں پولیس اہلکار مسلمانوں کو وندے ماترم  پڑھنے پر مجبور کر رہے ہیں ۔ تشدد کا نشانہ بننے والوں میں سفید شرٹ میں ملبوس رفیق نامی نوجوان بھی شامل تھا  ، رفیق نے بی بی سی سے گفتگو میں خود پر گزرنے والی قیامت بھی بیان کی۔ رفیق پولیس سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ علاج کیلئےاسپتال جانے سے بھی گریزاں ہے ۔ اسی ویڈیو میں فیضان نامی شخص بھی موجود ہے جو دو روز قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ نعیم اپنے بھائی کی موت پر انتہائی دل گرفتہ ہے ۔ نعیم کے مطابق  پولیس اُس کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد جیل لے گئی ۔ وہ دو بار بھائی کو لینے گئے لیکن پولیس نے انہیں دھکے دیکر  نکال دیا۔ پوری دنیا مودی حکومت سے مسلمانوں کے خون کا حساب مانگ رہی ہے لیکن  وہ ہے کہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ۔