Sunday, September 8, 2024

نئی دہلی ، فلم میں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے نعروں سے مماثلت پر ایف آئی آر کٹوا دی گئی

نئی دہلی ، فلم میں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے نعروں سے مماثلت پر ایف آئی آر کٹوا دی گئی
January 20, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بالی ووڈ بھی ہندتوا کے نشانے پر آگیا ، بھارتی فلم میں آزادی کے نعروں نے مودی سرکاری کی نیندیں اڑا دیں۔ بھارتی حکومت نے فلم تن دیو میں مقبوضہ کشمیرمیں لگائے جانے والے آزادی کے نعروں سے مماثلت پرایف آئی آر کٹوا دی۔

مُودی حکومت فلموں اور اداکاری میں بھی آزادی کے نعروں سے شدید خوفزدہ ہوگئی ، ہندوستان کی فلم انڈسٹری اور اداکار، بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیرِ عتاب ہے، شائننگ انڈیا کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔

نیٹ فلیکس پرجاری کی گئی فلم تن دیو کے مرکزی کرداروں میں سیف علی خان اور ڈیمپل کپاڈیا ہیں، مودی سرکار فلم میں آزادی کے نعروں سے اس قدرخوفزدہ ہوئی کہ معاملے کوہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہونے سے جوڑ دیا۔

فلم میں ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہونے کی بُنیاد پر ایف آئی آر بھی کاٹی گئی، دراصل فلم میں مقبوضہ کشمیر میں لگائے جانے والے آزادی کے نعروں سے مماثلت شامل تھی۔ کسان تحریک کے احتجاج کی طرز پر ڈائیلاگ اور خاکے بھی شامل تھے۔

 بھارتی فلم تن دیو کے حوالے سے دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئیر ر حارث نواز کا کہنا ہے کہ یہ گھٹیا اور انسانیت سے گری ہوئی حرکت ہے۔یہ صرف انتہا پسندانہ سوچ کو اوپر لاتے ہیں اور مذہبی آزادی کا جھوٹا نعرہ لگاتے ہیں۔

قبل ازیں یکم جنوری کو بھارتی حکومت نے مزاحیہ اداکار منور فاروقی پراندور میں اسٹیج ڈرامے کے دوران ہندوؤں کےخلاف ڈائیلاگ بولنے پربھی ایف آئی آر کٹوائی تھی، بھارتی عدالتوں پرمنورفاروقی کوجیل بھیجنے کےلیے دباؤ ڈالا جارہا ہے، برطانوی پارلیمنٹ اس بات کو اٹھا چکی کہ بھارت میں اقلیتوں کا گلا دبایا جارہا ہے، اپنے سافٹ امیج پرفخر کرنے والے بھارت کا معاشرہ، رسم ورواج اورثقافت شدید خطرے میں پڑنے لگی ہے۔