Friday, March 29, 2024

نئی دہلی فسادات میں پولیس نے جان بوجھ کر مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا ، امریکی اخبار

نئی دہلی فسادات میں پولیس نے جان بوجھ کر مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا ، امریکی اخبار
March 13, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے مودی حکومت اور پولیس کے گٹھ جوڑ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ اخبار کے مطابق نئی دہلی فسادات میں پولیس نے جان بوجھ کر مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ شائع کی جس میں انہوں نے دہلی میں گزشتہ ماہ سامنے آنے والے فسادات کا ذکر کیا۔ اخبار نے لکھا کہ حالیہ ثبوت سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ فسادات کے دوران مسلمانوں اور ان کے گھروں کو نشانہ بنانے میں نئی دہلی پولیس نے متحرک طریقے سے ہندو ہجوم کی مدد کی۔ رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کی کئی ویڈیوز منظر عام پر آئیں جس میں انہیں مسلمان مظاہرین پر حملہ کرتے اور ہندو ہجوم کو اس میں شامل ہونے پر زور دیتے دیکھا گیا۔ رپورٹ میں پولیس کمانڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہجوم کی جانب سے جیسے ہی تشدد شروع ہوا، حکام نے پولیس کو  اپنی بندوقیں تھانے میں رکھنے کا کہہ دیا۔ تاہم نیویارک ٹائمز کے صحافیوں نے بعد میں سنا کہ حکام ایک دوسرے پر چیخ رہے تھے کہ انہیں ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے لاٹھیاں نہیں  بلکہ بندوقوں کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب  انڈین پولیس سروس ایسوسی ایشن نے  نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو  من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ گزشتہ ماہ نئی دہلی میں ہونے والے مسلم کش فسادات میں پچاس افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے ۔