Thursday, March 28, 2024

نئی دہلی: شیوسینا کے غنڈوں کا پاکستانی سٹیج ڈرامے پر دھاوا، ڈرامہ رکوا کر توڑ پھوڑ، فنکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

نئی دہلی: شیوسینا کے غنڈوں کا پاکستانی سٹیج ڈرامے پر دھاوا، ڈرامہ رکوا کر توڑ پھوڑ، فنکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں
October 25, 2015
نئی دہلی (نائنٹی ٹو نیوز) شیوسینا کے غنڈے پاکستان دشمنی میں پاگل پن کی حدوں کو چھونے لگے۔ پورے بھارت میں پاکستانیوں کی بو سونگھتے ہوئے گڑ گاؤں تک پہنچ گئے۔ گڑ گاؤں میں جاری ایک سٹیج ڈرامے پر دھاوا بول دیا۔ شیوسینا کے غنڈے سٹیج پر چڑھ گئے اور ڈرامہ رکوا کر توڑ پھوڑ کی۔ بھارت میں مودی سرکار کے آنے سے شدت پسند تنظیم شیوسینا کی غنڈہ گردی میں روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شیوسینا کی مسلمانوں اور پاکستان سے دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور اپنے اسی ایجنڈے کے تحت گزشتہ روز شیوسینا کے شدت پسندوں نے گڑ گاؤں میں ایک اسٹیج ڈرامے پر دھاوا بول دیا جس میں پاکستانی فنکار حصہ لے رہے تھے۔ شیوسینا کے غنڈوں نے پاکستانی فنکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ سٹیج ڈرامے کے دوران لہرائے جانے والے پاکستانی جھنڈے کو بھی اُتار دیا۔ چند روز قبل پی سی بی حکام بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کی دعوت پر معاملات طے کرنے بھارت پہنچے تو شیوسینا نے اس کی شدید مخالفت کی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا بول دیا جس کے باعث پاکستانی حکام کو بغیر ملاقات کے ہی واپس لوٹنا پڑا۔ اس سے قبل شیوسینا نے پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری کی کتاب کی بھارت میں رونمائی کرنے والے منتظم سدھیندر کلکرنی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے چہرے پر سیاہی ڈال کر کالا کر دیا تھا۔ معروف غزل گائیک استاد غلام علی کا کنسرٹ بھی شیوسینا کی دھمکیوں کے باعث منسوخ ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد پاکستانی فنکاروں کو بھی شیوسینا کی طرف سے دھمکیاں مل چکی ہیں کہ وہ بھارت چھوڑ کر واپس چلے جائیں۔