Friday, April 19, 2024

نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا

نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا
November 7, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز)  بھارت میں فضائی آلودگی میں خوفناک اضافہ ہو گیا جس کے بعد نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے فصلوں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھارت کو مدد کی پیشکش کردی۔ بھارت میں فضائی آلودگی میں ہر گزرتے روز خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ۔ بھارتی پنجاب، ہریانہ اور اترپردیش میں کسان کھلے عام دھان کی فصلوں کی باقیات جلا رہے ہیں ، جن کے ساتھ ہی عدالتی اور حکومتی احکامات دھویں کی شکل میں ہوا ہو رہے ہیں ۔ نئی دہلی  دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے جسے نو روز سے آلودہ دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، یہاں بہنے والے دریائے جمنا کی حالت بھی کچھ اچھی نہیں جو آلودہ جھاگ سے بھرچکا ہے ۔ آنکھ، ناک اور گلے میں شدید جلن کی شکایات عام ہوگئی ہیں۔ فضائی آلودگی سے تنگ سیکڑوں افراد نے نئی دہلی کے انڈیا گیٹ کے سامنے کھڑے ہوکر احتجاج کیا ، مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آلودگی کے خاتمے کیلئے فوری اور سخت اقدامات کرے ۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بڑھتی فضائی آلودگی  کو روکنے کیلئے بھارت کو مدد کی  پیشکش کردی ، کہا کہ جالندھر میں فصلیں جلانے سے سرحد کے دونوں اطراف فضا خطرناک حد تک آلودہ ہوچکی ہے ، ہم فصلوں کی باقیات کو متبادل ایندھن کے طور پر استعمال کرنے کیلئے بھارتی پنجاب کے کسانوں کی مدد کرسکتے ہیں۔