Wednesday, April 24, 2024

نئی حکومت کے بعد وفاقی دارالحکومت میں قبضہ مافیا کیخلاف گھیراتنگ ہوگیا

نئی حکومت کے بعد وفاقی دارالحکومت میں قبضہ مافیا کیخلاف گھیراتنگ ہوگیا
October 1, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) نئی حکومت کے آنے کے بعد وفاقی دارلحکومت میں قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے ، حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اربوں روپے کی قیمتی زمینیں واگزار کرانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے جس کا اعلان چند روز پہلے وزیرمملکت شہر یارآفریدی نے کیا تھا ۔ زمین سرکاری ہو یا غریبوں کی ،  کوڑیوں کے مول خرید لی جاتی ہے، نہ ملے تو زبر دستی ہتھیا  لی جاتی ہے ۔ لیکن تبدیلی سرکار کی جانب سے اسلام آباد میں قبضہ کی گئی اراضی واگزار کرانے کے لئے آپریشن جاری ہے  ۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے بحریہ ٹاؤن بھی اربوں روپے مالیت کی زمین پر قابض ہے ، شہر اقتدارمیں زمین کا چپہ چپہ قیمتی ہے۔بحریہ ٹاؤن  پر بحریہ انکلیو سے متصل مبینہ طور پر  33 ہزار کینال اراضی پر قبضے کا الزام ہے جس کی قیمت تین سو ارب سے زائد بنتی ہے ۔ وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کا کہنا ہے نجی ہاوسنگ سوسائٹیز سے زمین واگزار کروانے کیلئے نشاندہی کا عمل جاری ہے ۔ بحریہ ٹاؤن پرپنجاب اور کراچی سمیت ملک کے دیگرعلاقوں میں بھی عام لوگوں  اور سرکاری اراضی پر قبضے کے الزامات ہیں  جبکہ  زمینوں سے متعلق کئی مقدمات  ملک کی اعلیٰ ترین  عدالتوں میں بھی زیر سماعت ہیں ۔