Saturday, May 4, 2024

نئی حلقہ بندیوں کے تحت قومی اسمبلی کی نشستوں کی تفصیلات جاری

نئی حلقہ بندیوں کے تحت قومی اسمبلی کی نشستوں کی تفصیلات جاری
January 8, 2018

اسلام آباد ۰ 92 نیوز ) نئی حلقہ بندیوں کے تحت قومی اسمبلی کی نشستوں میں اتار چڑھاؤ کر دیاگیا۔  پنجاب کی نشستیں کم ہونے کے باوجود لاہور میں ایک حلقہ بڑھ جائے گا ۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی اب دو کے بجائے تین سیٹیں ہوں گی ۔ نشستوں میں اضافے کی تیاریاں جاری ہیں۔

حالیہ مردم شماری کے ابتدائی اعدادو شمار کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے تحت قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے اور کمی کے حوالے سے کام جاری ہے۔

قومی اسمبلی کی کل 272نشستوں میں سے پنجاب کی 7نشستیں کم ہوکر 148کے بجائے 141ہوجائینگی ۔ پنجاب پر نظر دوڑائی جائے تو اس کمی کا نتیجہ لاہور پر نہیں پڑے گا کیونکہ وہاں نشستیں13سے بڑھ کر 14ہوجائیں گی۔

مظفر گڑھ کی نشستیں5 سے بڑھا کر 6 ، ڈیرہ غازی خان کی نشستیں 3 سے بڑھاکر 4 کردی جائیں گی ۔ راجن پور کی ایک نشست بھی بڑھے گی۔

 اٹک، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد۔جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاک پتن کی بھی ایک ایک نشست کم ہو جائے گی۔

اٹک کی نشستیں 3 سے کم ہو کر 2 ، گوجرانوالہ 7 کی بجائے 6، حافظ آباد 2 کی بجائے 1 ، نارووال کی نشستیں 3 کی بجائے 2 رہ جائیں گی۔

قصور کی آبادی کے لحاظ سے 5 نشستوں میں سے ایک کم ہو گی۔ شیخوپورہ کی 4 اور ننکانہ صاحب کی 2 نشستیں رہ جائیں گی ۔

جھنگ اور چنیوٹ کی 6 میں سے 5 نشستیں رہ جائیں گی ۔ ساہیوال کی 4 نشستوں میں سے ایک کم کردی جائے گی ۔

 اسی طرح اوکاڑہ میں اس وقت نشستوں کی تعداد 5 ہے جو4 ہو جائے گی  ۔ فیصل آباد کی نشستیں 11 سے کم ہو کر 10 رہ جائیں گی۔

کراچی کو دیکھا جائے تو وہاں ایک نشست بڑھنے کے بعد نشستیں 21 ہو جائیں گی ۔  پشاور کی نشستیں 5 سے بڑھ کر 6 ہو جائیں گی۔

کوئٹہ کی نشستیں 4 سے بڑھ کر 5 ہوں گی ۔ اس کے علاوہ کیچ اور گوادر بھی 1 اضافی نشست حاصل کرسکیں گے۔

فاٹا کی نشستیں برقرار رکھی جائیں گی جبکہ  وفاقی دارالحکومت کی نشستیں بھی 2 سے بڑھ کر 3 ہوجائیں گی ۔