Saturday, May 11, 2024

نئی امریکی حکومت کیساتھ کام کرنے کیلئے پُرامید ہیں، شاہ محمود قریشی

نئی امریکی حکومت کیساتھ کام کرنے کیلئے پُرامید ہیں، شاہ محمود قریشی
January 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ نئی امریکی حکومت کے ساتھ کام کرنے کیلئے پُرامید ہیں۔

 وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں نئی امریکی انتظامیہ اور افغان صورتحال کے حوالے سے کھل کر اظہارِخیال کیا، کہا کہ نئی امریکی انتطامیہ کےساتھ کام کرنے کیلئے پُرامید ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا، افغانستان میں امن مذاکرات کیلئے پاکستان نے بہت کچھ کیا ہے، ہم ایک طویل عرصے بعد درست سمت کی طرف بڑھنا شروع ہوئے ہیں۔ امید ہے صدر بائیڈن افغان امن عمل اور انخلاف کے منصوبے کو جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر اظہار تشویش کیا۔ بولے کہ کچھ غیرملکی عناصر افغانستان کی ترقی واستحکام نہیں چاہتے۔

پاک چین تعلقات پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا پاک چین تعلقات کو ایک حریف کے طور پر نہ لے۔

وزیر خارجہ نے امریکا کو بھی سی پیک منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

حکومت امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانا چاہتی ہے، معید یوسف

ادھر معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے امریکی پالیسی سازوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانا چاہتی ہے، باہمی افہام و تفہیم پر امریکا کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا، پاکستان کا وژن معاشی تحفظ کا ہے، ہم دنیا کو فوجی اڈے نہیں بلکہ معاشی اڈے فراہم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا، ہماری توجہ راہداری پر مرکوز ہے۔ ہماری خواہش ہے علاقے کو پرامن بنایا جائے، بائیڈن انتظامیہ اور پاکستان ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم عالمی چیلنجوں پر قریبی کام کر سکتے ہیں۔