Monday, September 16, 2024

ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین سرجری کے بعد سرجیکل آئی سی یو میں منتقل

ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین سرجری کے بعد سرجیکل آئی سی یو میں منتقل
January 1, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور میں ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین حملے میں زخمی ہوئے اور میو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کو سرجری کے بعد سرجیکل آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔

قاتلانہ حملے میں زخمی مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کی جان بچ گئی۔ ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر افتخار احمد کےمطابق  بلال یاسین کو دو گولیاں پیٹ کے نچلے حصے جبکہ ایک گولی ٹانگ میں لگی تاہم اب ان کی حالت  خطرے سے باہر ہے۔

آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر فیاض باجوہ کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو کامیاب آپریشن کے بعد ایمرجنسی سے سرجیکل ٹاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

بلال یاسین کے بیٹے وہاب کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور نہ ہی انہیں کسی پر شک ہے۔

ادھر مسلم لیگ ن نے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد  جمع کرا دی ۔ قرارداد لیگی ایم پی اے مرزا محمد جاوید کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے جس میں ملزموں کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، مریم نواز ، رانا ثنا اللہ و دیگر رہنماؤں نے  بلال یاسین پر ہونیوالے حملے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ وزیراعلیٰ، وزیر قانون اور آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بلال یاسین کو ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق اور رانا تنویر نے میواسپتال میں بلال یاسین کی عیادت کی۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔

 ادھر سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نقاب پوش حملہ آور موٹرسائیکل پر آئے۔ بلال یاسین کا ویڈیوبیان میں کہنا ہے کہ ہر جمعہ کو حلقے کا وزٹ کرتا ہوں، حملہ آوروں کا علم نہیں۔

عینی شاہد میاں اکرام کا کہنا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور فائرنگ کر دی۔ سی سی پی او لاہور نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دیں۔