Wednesday, April 24, 2024

ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان نوازشریف کے بیانیے کیخلاف پھٹ پڑے

ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان نوازشریف کے بیانیے کیخلاف پھٹ پڑے
May 17, 2018
اسلام آباد(92 نیوز) ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی نوازشریف کے بیانیے کیخلاف پھٹ پڑے،شہبازشریف کے سامنے شکایتوں کا ڈھیر لگادیا ۔ ارکان  نے پوچھا کہ بتایا جائے کس کے بیانیے کی حمایت کرنی ہے ، پاکستان مخالف بیانات سے حلقوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں  ۔ نوازشریف کا بیانیہ ان کی پارٹی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں ، شہبازشریف کی زیر صدارت  نون لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس  میں  ارکان اسمبلی پھٹ پڑے ۔ شہبازشریف کو اپنی مشکلات اور تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ نوازشریف کے بیانیے اور حالیہ متنازعہ بیان کے باعث انہیں انتخابی مہم کیلئے ماحول سازگار نظر نہیں آرہا۔ ارکان کی تشویش  کو  بھانپتے ہوئے شہبازشریف  نے کہا  جس نےبھی نوازشریف کےانٹرویو کا اہتمام کیا اس نے زیادتی کی، آئندہ نوازشریف کے بیانات میں نرمی نظر آئے گی ۔ ن لیگی ارکان نےشہبازشریف سے مطالبہ کیا کہ ہمیں پالیسی بتادی جائے  کہ کس کے بیانیے کی حمایت کرنی ہے ،اجلاس میں چودھری نثار کا بھی تذکرہ ہوا۔ارکان کی اکثریت چودھری نثار کی حمایت کرتی نظر آئی ، ارکان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار پارٹی کا سرمایہ ہیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد وزیر اعظم کے  چیمبر  میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات  اور چودھری نثار کو بھی وہاں بلایا گیا۔