Wednesday, April 24, 2024

ن لیگ کے لوڈشیڈنگ، کرپشن، مہنگائی ختم کرنے کے دعوے ”انتخابی گپ“ ثابت ہوئے: عوامی تحریک نے حکومتی کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کر دیا

ن لیگ کے لوڈشیڈنگ، کرپشن، مہنگائی ختم کرنے کے دعوے ”انتخابی گپ“ ثابت ہوئے: عوامی تحریک نے حکومتی کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کر دیا
June 2, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان عوامی تحریک نے مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی 2 سالہ کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کے لوڈشیڈنگ، کرپشن، مہنگائی ختم کرنے کے دعوے انتخابی گپ ثابت ہوئے جبکہ 2سالوں میں غیرملکی بنکوں سے ساڑھے 5ارب ڈالر اور مقامی بنکوں سے 2 ہزار ارب قرضہ لینے کا ریکارڈ بنایا گیا۔ مئی 2013ءمیں بھی شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 17 گھنٹے تھا اور آج بھی یہ دورانیہ جوں کا توں ہے۔ 2سالوں میں سوئس بنکوں میں پڑے 2سو ارب ڈالر میں سے 2ڈالر بھی واپس نہیں آ سکے۔ 5سو ارب کے گردشی قرضوں کی ادائیگی، 134ارب کے پٹرول چوری، نندی پور پراجیکٹ کرپشن پر حکومت خاموش ہے۔ ن لیگ کے دور حکومت میں سیاسی کارکنوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹے، سانحہ ماڈل ٹاون پر انصاف نہیں ہوا۔ پٹرول کی قیمتیں 2008 ءکی سطح پر آنے کے باوجود مہنگائی 100فیصد زائد رہی۔ 2013ء میں ہر پاکستانی 72 ہزار کا مقروض تھا آج یہ قرضہ بڑھ کر 1 لاکھ روپے ہو گیا۔ حکومت جی ڈی پی، صنعتی و زرعی ترقی اور خسارہ کم کرنے کے تمام اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق سالانہ 20کھرب، پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق ہر سال 15ارب ڈالر کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں۔ سندھ ،بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات روکنے میں حکومت ناکام رہی ۔ قومی ایکشن پلان پر 70فیصد عمل نہیں ہوا، اس حوالے سے حکومت کا کردار منافقانہ ہے۔ سابق گورنر پنجاب چودھری سرور کی طرف سے صوبائی حکومت پر لگائے گئے الزامات پر وفاقی حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی۔ سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کے مرکزی ملزم رانا ثناءاللہ کو کابینہ میں شامل کر کے قانون اور انصاف کا مذاق اڑایا گیا۔