Monday, May 13, 2024

ن لیگ کے سینئر رہنماء رانا افضل انتقال کر گئے

ن لیگ کے سینئر رہنماء رانا افضل انتقال کر گئے
September 27, 2019
فیصل آباد (92 نیوز) ن لیگ کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیرخزانہ رانا محمد افضل انتقال کر گئے، دل کے عارضے میں مبتلا رانا افضل کئی روز سے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وینٹی لیٹر پر تھے، سینئررہنماءکی وفات پرلیگی قیادت نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ اور ن لیگ کے انتہائی سینئررہنماء رانا محمد افضل 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، رانا افضل 22 سال سے ن لیگ سے وابستہ تھے وہ 3 مرتبہ صوبائی اسمبلی اور ایک مرتبہ قومی اسمبلی کے ممبر بنے، انہوں نے 1997 میں سیاست کا آغاز کیا اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 55 سے پہلی بار ممبر منتخب ہوئے۔ رانا افضل 1971 سے 1976 تک پاکستان آرمی میں کیپٹن بھی رہے، رانا افضل کا 12 روز قبل دل کا آپریشن ہوا جس میں 5 پانچ اسٹنٹ ڈالے گئے، پھیپھڑوں میں پانی اور سانس میں دشواری کے باعث وینٹی لیٹر پرمنتقل کر دیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے، سابق وزیرخزانہ کے انتقال پرلیگی قیادت، تاجر برادری اور اہل علاقہ نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم رانا محمد افضل کی نمازِ جنازہ اقبال اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔