Tuesday, April 16, 2024

ن لیگ کے 2 سابق وزرا کی پھر ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری

ن لیگ کے 2 سابق وزرا کی پھر ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری
January 16, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے دو سابق وزراء کی ایک دوسرے پر پھر لفظی گولہ باری شروع ہو گئی۔
مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے۔
پارٹی کے دو سابق وزراء میں ٹھن گئی۔ ایک دوسرے پر وقفے وقفے سے لفظی گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ بیان میں پرویز رشید نے چودھری نثار کو منافق قرار دے دیا اور کہا کہ چودھری نثار نے ایک الیکشن شیر کے نشان کے بغیر لڑا جو بری طرح ہارے۔ ان کے بیان سے ان کی منافقت نظر آتی ہے۔
ادھر چودھری نثار نے خوب جوابی وار کیا اور ان کے ترجمان نے پرویز رشید کو خوشامدی اور سیاسی ارسطو قرار دے دیا۔
چودھری نثار کے ترجمان نے کہا کہ پرویز رشید بیان بازی کے بجائے حکومت کو نیوز لیکس رپورٹ منظرعام پر لانے کیلئے مجبور کریں۔
اس سے قبل گزشتہ روز بھی پرویز رشید نے چودھری نثار کے پارٹی سے اخلاص پر سوال اٹھایا تو ترجمان چودھری نثار نے کہا کہ وہ ایسے شخص کی باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے جس کا مسلم لیگ ن سے تعلق واجبی ہو۔ انہوں نے کہا کہ جس نے آج تک کونسلر کا الیکشن نہیں لڑا، وہ ن لیگ کا پردھان منتری بن بیٹھا ہے۔
پاک فوج کے بارے میں مودی جیسی سوچ رکھنے والا شخص ن لیگ کا سیاسی وارث بن بیٹھا ہے۔
سابق وزراء اور پارٹی کے اہم رہنماؤں کی ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی جہاں پارٹی کے اندرونی اختلافات کی کہانی سنا رہی ہے، وہیں سیاسی تجزیہ نگاروں کیلئے دلچسپی کا باعث بھی ہے۔