Wednesday, April 24, 2024

ن لیگ کی جانب سے دی گئی ایمنسٹی اسکیم کے اعداد و شمار سامنے آگئے

ن لیگ کی جانب سے دی گئی ایمنسٹی اسکیم کے اعداد و شمار سامنے آگئے
June 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ن لیگ کی جانب سے دی گئی ایمنسٹی اسکیم کے اعدادوشمار سامنے آگئے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 10 کھرب کا کالا دھن سفید کرایا۔ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں آنے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو بڑے پیمانے پر کامیابی ملی،غیرملکی میڈیا نے بڑا دعویٰ کر دیا۔ عرب اخبارات کے مطابق گزشتہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں صرف اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 10 کھرب روپے کا کالا دھن سفید کرایا۔ غیر ملکی میڈیا کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 346 ارب روپے کا کالادھن متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر پاکستانیوں نے سفید کرایا۔ سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، سنگاپور اور برٹش ورجن آئی لینڈز سے بھی اربوں کے بے نامی اثاثے ظاہر کئے گئے۔ اندرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ظاہر کئے جانے والے اثاثے اوور سیز پاکستانیوں کے علاوہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں جہاں اثاثوں کی صورت میں رقم ظاہر کی وہیں حکومت کو اربوں روپے ٹیکس بھی ملا۔ دوسری طرف سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے انکم ٹیکس آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دے دی جس کے مطابق اربوں ڈالر بیرون منتقل کرنے والے پاکستانیوں کے نام جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیرون ملک اثاثے بنانے والے پاکستانیوں کے نام الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں جاری کیے جائیں گے۔