Friday, April 19, 2024

ن لیگ کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کیلئے سادہ اکثریت مل گئی!!!گلگت بلتستان انتخابات کے مکمل نتائج 92نیوز پر

ن لیگ کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کیلئے سادہ اکثریت مل گئی!!!گلگت بلتستان انتخابات کے مکمل نتائج 92نیوز پر
June 9, 2015
گلگت (92نیوز) غیرسرکاری، غیرحتمی نتائج کے مطابق گلگت بلتستان کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے جس نے چوبیس میں سے چودہ نشستوں پر فتح حاصل کی۔ اس طرح ن لیگ کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کیلئے درکار سادہ اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت کی تینوں نشستیں مسلم لیگ (ن) کے نام رہیں جہاں سے ان کے امیدوار جعفراللہ، حافظ حفیظ الرحمان اور ڈاکٹر اقبال کامیاب ہوئے۔ ہنزہ نگر میں حلقہ نمبر چھ سے مسلم لیگ (ن) کے میر غضنفرعلی برتری لیے ہوئے ہیں۔ سکردو سے دو نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اکبر تابان اور حسن اقبال کامیاب قرار پائے۔ استور کی دونوں نشستیں بھی مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ آئیں جہاں سے فرمان علی اور برکت جمیل کامیاب ہوئے۔ دیامر کے حلقہ سولہ سے ن لیگ کے امیدوار حاجی جانباز اور حلقہ اٹھارہ سے محمد وکیل کامیاب ہوئے جبکہ حلقہ سترہ سے نون لیگ کے ہی امیدوار حیدر خان کو برتری حاصل ہے۔ گھانچھے میں بھی مسلم لیگ نے کلین سویپ کرتے ہوئے تینوں نشستیں اپنے نام کیں جہاں کے حلقہ بائیس سے محمد ابراہیم ثنائی، حلقہ تئیس سے غلام حسین اور حلقہ چوبیس سے محمد شفیق کامیاب ہوئے۔ مجلس وحدت المسلمین بھی دو نشستیں حاصل کرسکی۔ ہنزہ نگر کے حلقہ پانچ سے ایم ڈبلیو ایم کے رضوان علی کامیاب امیدوار ٹھہرے۔ سکردو کے حلقہ آٹھ سے کاچو امتیاز واضح برتری کے ساتھ کامیاب ہوئے۔ پیپلزپارٹی نے واحد نشست سکردو کے حلقہ بارہ سے حاصل کی جہاں سے ان کے امیدوار عمران ندیم کامیاب ہوئے۔ تحریک انصاف کے امیدوار راجہ جہانزیب غذر کے حلقہ اکیس سے کامیاب ٹھہرے جبکہ غذر کے حلقہ انیس سے آزاد امیدوار نواز خان ناجی کامیاب ہوئے اور حلقہ بیس پر بھی آزاد امیدوار فدا خان کو برتری حاصل ہے۔