Saturday, May 11, 2024

ن لیگ کا مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں شرکت کا عندیہ

ن لیگ کا مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں شرکت کا عندیہ
September 15, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ایک اور چیلنج در پیش ہے ، ن لیگ نے مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں شرکت کا عندیہ دیدیا۔  30 ستمبر کو لیگی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد آزادی مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔ شہباز شریف کی فضل رحمان سے ملاقات نے حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، ن لیگ نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کا گرین سگنل دے دیا۔ مولانا فضل الرحمان نے ماڈل ٹاون میں شہباز شریف نے ملاقات کی جہاں دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت بھی موجود تھی۔ ملاقات کے بعد احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری نے خود کو سیاست سے الگ کر لیا ،عمران خان کو بھی مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس موقع پر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ سے متعلق چہ مگوئیاں گردش کر رہی تھیں کہ شاید مسلم لیگ ن ساتھ نہیں ہے ، دونوں جماعتیں مل کر آزادی مارچ کریں گی۔ اس تحریک میں تمام اپوزیشن وکلاء اور تاجر بھی ساتھ ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں آزادی مارچ سے متعلق مشاورت کی جائے گی ، جس کے بعد جمعیت علماء اسلام ف اور مسلم لیگ ن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔