Saturday, April 20, 2024

ن لیگ کا سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے بیان کے معاملہ پر قانونی چارہ جوئی کا اعلان

ن لیگ کا سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے بیان کے معاملہ پر قانونی چارہ جوئی کا اعلان
November 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن نے سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے بیان کے معاملہ پر قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے خواجہ آصف ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا رانا شمیم نے بغیر دباؤ کے حلفیہ بیان دیا، جو لندن میں ایک اوتھ کمشنر کے سامنے دیا گیا۔ عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہوا گیا جو ملک کے نظام میں غیرآئینی مداخلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک کا چیف جسٹس ملوث ہو تو انصاف کہاں سے ملے گا، پاکستان کے عوام کو سچ پتا چلنا چاہئے، رانا شمیم نے اگر جھوٹ بولا تو بدترین سزا دی جائے۔

شاہد خاقان بولے کہ یہ کیس پاکستان کے لیگل ریکارڈ کا حصہ ہے، نوازشریف کی حکومت گرائی گئی، نوازشریف کو سیاست سے علیحدہ کیا گیا، سابق جج رانا شمیم کا حلف نامہ پورے پاکستان کے سامنے ہے، جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا وہاں کچھ نہیں ہوگا۔ مزید کہا کہ جب ملک کا چیف جسٹس ایسے کام کریگا تو پھر کہاں کا انصاف رہ گیا۔

ادھر ن لیگی رہنماء خواجہ آصف نے کہا سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے بیان کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے، قانونی چارہ جوئی کے لیے عدالت بھی جائیں گے۔

اُنہوں ںے کہا کہ جب وزیر اعظم سے پوچھا جا سکتا ہے تو سابق چیف جسٹس سے کیوں نہیں؟۔ مزید بولے کہ نوازشریف اور مریم نواز کی بے گناہی ثابت ہوگئی، سابق وزیراعظم کی آزادی کو سلب کیا گیا۔