Friday, April 26, 2024

ن لیگ کا دوہری شہریت والے معاونین خصوصی کو ہٹانے ،اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ

ن لیگ کا دوہری شہریت والے معاونین خصوصی کو ہٹانے ،اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ
July 27, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ن لیگ نے دوہری شہریت والے معاونین خصوصی کو ہٹانے اور اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا، خواجہ آصف اور خرم دستگیر سمیت دیگر لیگی ارکان  نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر انکوائری کیلئے قائمہ کمیٹی کابینہ کو معاملہ بھیجیں۔

مسلم لیگ ن دوہری شہریت کے حامل معاونین خصوصی کیخلاف میدان میں آگئی، ن لیگ نے دوہری شہریت والے معاونین خصوصی کو ہٹانے اور انکے اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ  کردیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اسپیکر اسد قیصر سے انکوائری کے لیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ کو معاملہ بھیجیں۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ  ایف بی آر دوہری شہریت والے معاونین خصوصی کے جائیدادوں اور آمدن کی جانچ پڑتال کرے،  معاونین کے اثاثوں کی انکوائری مکمل کرنے کے لیے مدت مقرر کریں،  کمیٹی کی انکوائری اور فائنڈنگ پر حتمی کارروائی کے لیے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی جائے۔

خط میں پوچھا گیا کہ  وزیر اعظم کے چار معاونین خصوصی نے عہدہ سنبھالنے سے پہلے دوہری شہریت کیوں نہ چھوڑی؟ ۔ خط میں  وزیراعظم کے معاونین اور مشیروں کو ٹیکس ریٹرن سے۔متعلق بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔