Saturday, April 20, 2024

ن لیگ نے چینی کی قیمت میں 40 فیصد اضافے، ایکسپورٹ پر سوالات اٹھا دیئے

ن لیگ نے چینی کی قیمت میں 40 فیصد اضافے، ایکسپورٹ پر سوالات اٹھا دیئے
April 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ن لیگ نے چینی کی قیمت میں 40 فیصد اضافہ اور ایکسپورٹ کی اجازت پر سوالات اٹھا دیئے۔ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں چینی کی قیمت بڑھنے کے باوجود حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا، فردوس عاشق اعوان نے ردعمل  میں کہا کہ وزیراعظم نے عوام سے حقائق نہ چھپانے کا عہد پورا کر دیا۔ شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کے ذ مہ  داروں کا پتہ چلانا ضروری ہے، لوگ پوچھ رہے ہیں چینی میں 40 فیصد اضافہ کیسے ہوا؟۔ رمضان میں چینی کی قیمت میں 100 فیصد اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ن لیگ کے دور میں چینی پر سبسڈی دی گئی جو وقت کی ضرورت تھی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ اس وقت قوم کورونا کے خلاف جنگ کر رہی ہے، دوسری جانب قائد حزبِ اختلاف اور اپوزیشن اپنی کوریج کے چکر میں موقع کو سیاست کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت ہم سب کی طرف دیکھ رہے ہیں، اس لمحے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والا پاکستان کے عوام کا دوست نہیں ہو سکتا۔ شاہد خاقان صاحب معاملے کی انکوائری وزیر اعظم کے حکم پر شروع ہوئی، رپورٹ کو پی آئی ڈی کی ویب سائٹ پر ڈال کر حکومت نے پبلک کیا۔ اس اقدام نے آپ کی بھی آنکھیں کھول دی ہیں۔